ججز کو سزا دینے کے اقدام کی مضبوطی سے مزاحمت ضروری ہے،جسٹس منصور ،منیب اختر


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)2سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم پر اعتراضات اٹھا دیئے۔

دونوں ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط میں لکھا موجودہ تشکیل کےساتھ ترمیمی رولز کی منظوری نہیں ہوسکتی تھی، کچھ ججز پالیسی میکنگ کمیٹی میں رولز پر پہلے رائے دے چکے،دونوں ججز کی جانب سے کونسل میں جسٹس سرفراز ڈوگر کی شمولیت پر بھی اعتراض کیا گیا ہے، خط کے مطابق اجلاس سے پہلے خط لکھا تھا جسٹس ڈوگر کے معاملے پر اپیل زیر التوا ہے، جسٹس ڈوگر کو نکال کر کونسل کی تشکیل نو ہونی چاہیے تھی، اگر ترامیم اپنا لی گئیں تو عدلیہ کی آزادی کو محدود کردے گی، 26 ویں ترمیم ابھی سپریم کورٹ میں چیلنج ہے، کونسل کے دو ممبران کا مستقبل بھی کیس کےساتھ طے ہونا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا مجوزہ ترمیم سے عدلیہ کی آزادی کو کمزور،شفافیت کو محدود اور اختیارات کو ایک شخص تک محدود کیا جا رہا ہے، ترامیم بین الاقوامی اقدار کے بھی خلاف ہے، ترامیم خطرناک اس لیے بھی ہیں کہ ان کا دائرہ اختیار مبہم ہے، یہ مخصوص ججز کی آواز دبانے کےلئے استعمال ہو سکتی ہیں،خط میں ججز کے میڈیا سے گفتگو پر پابندی کو بھی غیر مناسب قرار دیا گیا اور کہا گیا جدید جمہوری معاشروں میں ججز اصلاحات یا عدالتی امور پر میڈیا سے بات کر سکتے ہیں،جسٹس منصور اور جسٹس منیب نے واضح کیا ایک جج خود کو غیر جانب دار رکھتے ہوئے بھی ذمہ دارانہ گفتگو کر سکتا ہے، ججز کو سزا دینے کے ہتھیار کے اقدام کی مضبوطی سے مزاحمت ضروری ہے،ججز کی آزادی محدود کرنے، ججز کو قابو کرنے سے متعلق کسی بھی ترمیم کو احتیاط سے دیکھنا ہوتا ہے،جمہوریت دباو¿ کا شکار ہے، آئینی ادارے آزمائش سے گزر رہے ہیں۔