صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع و موثر پالیسی سفارشات تشکیل دی جائیں :وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع و موثر پالیسی سفارشات تشکیل دی جائیں، ملکی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے، ایس ایم ایز میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کےلئے اقدامات خوش آئند ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیر اعظم نے سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کےلئے وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا،اجلاس کو بتایا گیا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے دفاتر کھول دیے گئے جس کی عوام و چیمبرز کی طرف سے پذیرائی کی جارہی ہے،سمیڈا کا نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جا چکا جبکہ آئندہ چند روز میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی مکمل کرلی جائےگی، اسٹرینگ کمیٹی کے احکامات کی بدولت ایس ایم ایز کی استعداد، قرضوں کی فراہمی، سرمائے اور اشتراک میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ،خواتین کی ایس ایم ایز شعبے میں حوصلہ افزائی کیلئے ویمن پرینیورشپ پلیٹ فارم تشکیل دیا جارہا ہے جو مصنوعی ذہانت پر مبنی ہوگا، پلیٹ فارم خواتین کو کاروباری شعبے کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے کےساتھ ساتھ رجسٹریشنز، ٹیکس معاملات اور ہنر کی آگاہی بھی دے گا،اجلاس کو ایس ایم ایز کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا،وزیر اعظم نے ہدایت دی سمیڈا کے روڈ میپ کے اطلاق کی واضح مدت طے ہو اور اطلاق جلد سے جلد یقینی بنایا جائے، پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے، ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں، زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقینی بنائی جائے،شہباز شریف نے کہاگھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے، زراعت اور صنعت کے شعبے کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں بجلی کی پیداوار کی زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے پالیسی پر کام کیا جائے،دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے سول و عسکری قیادت کےساتھ سعودی عرب کا 3 روزہ دورہ کریں گے، وزیراعظم دورے کے دوران سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ، فیوچر انونسٹمنٹ انیشی ایٹیو سے خطاب کریں گے۔