سائنسدان لیبارٹری میں انسانی دماغ کی کاپی بنانے میں کامیاب

نیویارک (مشرق نیوز) طبی ماہرین نے طویل کوششوں کے بعد لیبارٹری میں انسانی دماغ کی کاپی بنانے میں کامیابی حاصل کرلی، جس سے ماہرین کو دماغی بیماریوں اور پیچیدگیوں کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے میں مدد ملے گی۔ طبی ویب سائٹ کے مطابق ایم آئی ٹی کے سائنسدانوں نے ایک ایسا تھری ڈی انسانی دماغ کا ماڈل تیار کیا ہے جسے ’ملٹی سیلولر انٹی گریٹڈ برینز‘ کا نام دیا گیا ہے۔

مذکورہ ماڈل دماغ کے تمام اہم خلیات (نیورانز، گلیل خلیات اور خون کی نالیوں) کو ایک ساتھ جوڑتا ہے، یہ ماڈل مریضوں کے خلیات سے بنایا گیا ہے اور اسے جینیاتی تبدیلیوں کے ذریعے حسب ضرورت بنایا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق مذکورہ انداز میں انسانی دماغ کے ماڈلز کو بڑی تعداد میں تیار کیا جا سکتا ہے اور دماغ کی بیماریوں کی تحقیق اور نئی دوائیوں کی تیاری میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق miBrains کے دماغی ماڈلز چھوٹے ہیں لیکن ان کی اہمیت زیادہ ہے، یہ دماغ کے پیچیدہ نظام کو نقل کرتے ہیں، جیسے خون کی نالیاں، دماغ کی حفاظتی دیوار (بلڈ-برین بیریئر) اور خلیات کے درمیان تعلقات کو بھی کاپی کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ ماڈلز تیار کرنے سے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ دماغ کیسے کام کرتا ہے اور بیماریاں کیسے پیدا ہوتی ہیں؟