ججوں کی آزادی و سالمیت کے تحفظ کیلئے اقدامات ضروری ہیں،چیف جسٹس


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے ججوں کی آزادی و سالمیت کے تحفظ کےلئے اقدامات ضروری ہیں۔

نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کا اجلاس جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہوا،اٹارنی جنرل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا جبری گمشدگیوں کا مسئلہ تقریباً حل ،انسداد دہشتگردی ایکٹ میں حالیہ ترمیم سے مسئلہ حل ہو چکا، شکایات کے ازالے کےلئے جامع میکانزم وضع کیا جائے گا، آئندہ میٹنگ میں مکمل میکانزم پیش کردیں گے،اجلاس میں عدلیہ میں مداخلت کےخلاف ادارہ جاتی رد عمل پر بھی غور کیا گیا۔

چیف جسٹس نے تمام ہائی کورٹس کی جانب سے مداخلت کےخلاف ایس او پیز وضع کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہااعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی آزادی و سالمیت کے تحفظ کےلئے اقدامات ضروری ہیں،ججوں کےلئے ضابطہ اخلاق میں ترامیم کی تجویز پیش کی گئی، بیرونی اثر و رسوخ کا جواب دینے کےلئے ادارہ جاتی میکانزم بنانے کی کوشش کی ہے۔

اجلاس کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ میں ترمیم کا معاملہ جوڈیشل کونسل کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز نے چیف جسٹس کی تجاویز سے اتفاق کیا۔