لاہور (مشرق نیوز) جنوبی افریقی ٹیم نے 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنالئے۔ قذافی سٹیڈیم میں جاری میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں جلد گرگئیں۔ کپتان ایڈن مارکرام 3 اور ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے تاہم پہلی اننگز کے ٹاپ سکوررز ٹونی ڈی زورزی (16) اور رائن ریکلٹن (29) نے 32 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے امام الحق بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور ڈی آر ایس میں امپائر کال پر ایل بی ڈبلیو آوٹ قرار پائے۔
بابر اعظم 42، عبداللہ شفیق 41 اور سعود شکیل 38 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ چائے کے وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان ٹیم مجموعی سکور میں صرف 17 رنز کا ہی اضافہ کرسکی۔ تیسری ہی گیند پر رضوان 14 رنز پر سائمن ہارمر کا شکار ہوگئے۔ مجموعی سکور میں ایک رن کے اضافے سے شاہین آفریدی بھی صفر پر آوٹ ہوگئے۔
سلمان آغا چار رنز بنامتھوسامی کا شکار بنے، اسی اوور کی آکری گیند پر نعمان علی بھی 11 رنز پر چلتے بنے۔ ساجد خان ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم بھی آج صبح 269 پر آل آوٹ ہوئی تھی۔
نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 109 رنز کی برتری دلوادی تھی۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے تیسرے روز 216 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر اننگز کا آغاز کیا تھا۔ ٹونی ڈی زورزی (104) کی سنچری کے باجود جنوبی افریقی ٹیم گزشتہ روز کے سکور میں بڑا اضافہ کرنے میں ناکام رہی تھی اور 269 رنز پر آل آوٹ ہوگئی تھی۔
رائن ریکلٹن 71 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے تھے۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چھ، ساجد خان نے تین اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ امام الحق اور سلمان آغا 93، 93 جبکہ کپتان شان مسعود 76 اور محمد رضوان 75 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
لاہور ٹیسٹ، جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے مزید 226 رنز درکار، 8 وکٹیں باقی
















