کے پی میں بڑی تبدیلی،علی امین گنڈا پور کی چھٹی،سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ نامزد

پشاور،راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کے پی میں بڑی تبدیلی،علی امین گنڈا پور کی چھٹی،سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ نامزد کردیا گیا،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانے اورسہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے نامزد کیا۔

بعدازاں اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور نے مستعفی ہونے کااعلان کرتے ہوئے کہاوزیراعلیٰ کا عہدہ عمران خان کی امانت تھی ،حکم کے مطابق استعفیٰ دےکر امانت واپس کردی،بانی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کےلئے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے،نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہے گی۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہااورکزئی میں فوجی جوانوں کی شہادت پر عمران خان نے گنڈاپور کو ہٹانے کا فیصلہ کیا،بانی نے کہاکے پی میں صورتحال قابو سے باہر ہونے کے باعث گنڈا پور کو ہٹادینا بہتر ہے،فوج پربڑے حملے کا دکھ ہے ،علی امین گنڈاپور صورتحال کے ذمہ دار ہیں ،وزیراعلیٰ کے عہدے پر مزید نہیں رہنا چاہیے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاعمران خان نے نوجوان ایم پی اے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا،دہشتگردی کے مسئلے کو بیٹھ کر حل ،جرگوں، قبائل سے معاونت لی جائے،بانی نے خیبرپختونخوا حکومت کو کہا وفاق کی غلط پالیسی سے خود کو الگ کرے،توقع ہے سہیل آفریدی وفاقی حکومت کو سمجھائیں گے، نئی شروعات کرتے ہوئے واضح پالیسی دینی ہے،علیمہ خان کےخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، وقت کے ساتھ فیصلے اور حکومتیں بدلتی رہتی ہیں۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہاعلی امین گنڈا پور پارٹی کے وفادار ہیں، کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے،بانی نے کہا علی امین گنڈا پور وزارت اعلیٰ چھوڑ کر عوامی سیاست کا حصہ بنیں،کے پی اسمبلی میں اکثریت ہے،عدم اعتماد نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کی وجہ علیمہ خان کا معاملہ نہیں،بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر عمل ہو گا، علی امین گنڈاپور آج اپنا استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوائیں گے،پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں،اپنے کھلاڑیوں کو کب اور کیسے کھلانا کپتان کی ذمے داری ہے ،پارٹی کی کوئی کمیٹی مجاز نہیں بانی کی ہدایت رد کرے،تمام اراکین اسمبلی بانی پی ٹی آئی سے وفادار ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کے پی میںدو تہائی اکثریت برقرار رہے گی، بانی کے احکامات پر عملدرآمد کریں گے،صوبے میںمیں صرف اور صرف پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی، بانی نے علی امین گنڈا پور کو ہدایات کی ناکامی پر نہیں ہٹایا،گنڈاپور نے پارٹی و حکومت کےلئے اچھا کردار ادا کیا ،پارٹی میں کوئی گروپ نہیں، اختلاف رائے ہر جگہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی بانی کی قیادت میں متحد ہے،ادھر نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا مجھے خبر میڈیا سے ملی ،اعتماد کرنے پر کپتان کا شکرگزارہوں،توقعات پر پورا اتروں گا،بانی کی پالیسی آگے لیکر چلیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا عمران خان لوگوں کو ٹشو پیپرکی طرح استعمال کرتے ہیں یہی تاریخ علی امین گنڈاپور کےساتھ بھی دہرائی جا رہی ہے،وزیر اعظم آزادکشمیر کو ہٹانے، عدم اعتماد یا استعفے کا فیصلہ نہیں ہوا،خبریں بے بنیاد ہیں،جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کوئی مطالبہ غیر آئینی نہیں، لکھ کردےدیا وعدوں کو پورا کیا جائےگا۔

طارق فضل چودھری نے کہا ن لیگ ،پیپلز پارٹی کا اتحاد برقرار رہےگا، وزارتیں نہ لینے کے باوجود پیپلز پارٹی کا تعاون جمہوریت پسندی ہے، سیاسی مخالفین کی عدم اعتماد خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،اسحاق ڈار کی سربراہی میں پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا آغاز ہوگیا ، باہمی اختلاف قیادت کی سطح پر حل ہوں گے۔