پی ٹی آئی 26 ویں ترمیم سے قبل آخری نشستوں تک ساتھ تھی،فضل الرحمن


پشاور:(بیورورپورٹ)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے پی ٹی آئی 26 ویں ترمیم سے قبل آخری نشستوں تک ساتھ تھی، سنجیدہ سیاسی لوگ ہیں ، پی ٹی آئی پوائنٹ سکورنگ نہ کرے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا26 ویں ترمیم کےخلاف لوگ عدالت گئے یہ ہرپاکستانی کا حق ہے،ہمیشہ حقیقت پسندانہ بات کرنی چاہیے،کے پی ،بلوچستان میں مینڈیٹ چوری کیا گیا، موجودہ صورتحال پرنظرہے، صوبے میں بے امنی کرپشن انتہا پر ہے، وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر ابھی کوئی بات نہیں کرسکتا،سمجھ نہیں آرہا پی ٹی آئی کے دوست ترمیم سے پیچھے کیوں ہٹ گئے؟ ،26 ویں ترمیم کو مشکوک بنایا جا رہا ہے، معاملات پر پی ٹی آئی دعوت دے ،ساتھ بیٹھنے کےلئے تیار ہیں۔

امیر جے یوآئی نے کہاحکومت اقلیت میں ہے، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کےخلاف بات ہونی چاہیے،16 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں تاریخی مفتی محمود کانفرنس ہوگی، غزہ میں 70 ہزار بچے، بوڑھے اور خواتین کو شہید کیا گیا، کانفرنس میں اہل غزہ کےساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا،افغانستان ہو یا پاکستان کی سر زمین ، کسی کےخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

فضل الرحمن نے کہا20 سالہ جنگ میں کیا امریکہ کو اڈے نہیں دئیے؟ افغان حکومت میں کرزئی سمیت دیگر نے کبھی گلہ کیا؟ غیر مستحکم افغانستان کبھی پاکستان کےلئے بہتر نہیں ہوسکتا، حکومت ،اسٹیبلشمنٹ اگر غلط فیصلہ کرتی ہے تو نشاندہی کرتے ہیں،صوبے میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر صورتحال کو دیکھ کر اسمبلی میں فیصلہ کریں گے، صوبے میں بدامنی کا ادراک اگر خود پی ٹی آئی نے کیا تو اچھی بات ہے۔