مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہا،جیل میں کتے چھوڑے گئے،سابق سینیٹر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)حکومت کی سفارتی کوششیں کامیاب، سابق سینیٹر مشتاق احمداسرائیلی قید سے رہا،اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 131اراکین کو ڈی پورٹ کردیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کر دیا گیا ،مشتاق احمد عمان کے پاکستانی سفارتخانے میں محفوظ ، صحت مند ہیں، سفارتخانہ خواہشات و سہولت کے مطابق وطن واپسی میں مکمل تعاون فراہم کرنے کےلئے تیار ہے۔

اسحاق ڈار نے کہامعاملے میں فعال کردار ادا کرنے والے تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پاکستان کی وزارت خارجہ کےساتھ بھرپور تعاون کیا۔

ادھر ترجمان وزارت خارجہ اردن نے کہا مشترکہ انتظامات کے بعد تمام ڈی پورٹ افراد حسین پل کے ذریعے ملک میں داخل ہوئے تاکہ محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے، اردن پہنچے والے افراد میں بحرین، تیونس، الجیریا، عمان، کویت، لیبیا، پاکستان، ترکیہ، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کولمبیا، جمہوریہ چیک، جاپان، میکسیکو، نیوزی لینڈ، سربیا، جنوبی افریقہ، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، امریکہ اور یوراگوئے کے شہری شامل ہیں۔

دریں اثنا سابق سینیٹر مشتاق احمد نے اسرائیل سے رہائی کے بعد ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا فلسطین کی آزادی کےلئے اڈیالہ سے اسرائیلی جیل تک مزاحمت جاری رہے گی،اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل میں رہنے کے بعد رہائی مل چکی ، قید کے دوران ہاتھ پیچھے باندھے گئے، پاوں میں بیڑیاں ڈالی گئیں ،کتے چھوڑے گئے، آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئی تھیں۔

مشتاق احمد نے کہا اسرائیلی جیل میں بندوقیں تک تانی گئیں، اپنے مطالبات کےلئے 3 دن تک بھوک ہڑتال کی، ہوا، پانی ،ادویات تک رسائی نہیں دی گئی ،بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،جدوجہد جاری رہے گی، غزہ ناکہ بندی کو بار بار توڑیں گے، نسل کشی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے