نوکریوں کے بہانے معلومات حاصل کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) آن لائن نوکریوں کے بہانے حساس معلومات حاصل کرنے کی بھارتی سازش بے نقاب، سکیورٹی ایجنسیز نے پی ٹی اے کو خط لکھ کر فوری اقدامات کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق جعلی بھارتی کمپنیوں اور ویب سائٹس نے پرکشش تنخواہ اور آن لائن جاب آفرز کے ذریعے لوگوں کو فریب میں مبتلا کیا اور ان کے پروفائلز، رابطہ معلومات اور بعض معاملات میں حساس مقامات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی، مشتبہ ویب سائٹس میں لنکڈ ان، جاب گلف اور دیگر پلیٹ فارمز کا بھی تذکرہ آیا ہے جہاں سے صارفین کو ہدف بنایا جا رہا تھا۔

خط میں انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا متعلقہ مشکوک ویب سائٹس اور روابط کو فوری طور پر بلاک ، عوام میں ہنگامی آگاہی مہم چلائی جائے، پی ٹی اے نے بھی ملک گیر آگاہی سلسلہ شروع کر دیا، صارفین کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

پی ٹی اے کی ایڈوائزری میں شہریوں کو خبردار کیا گیا غیر معروف آفرز، مشکوک لنکس یا کمپنی پروفائلز کی صورت میں احتیاط اختیار کریں، نجی اور قومی حساس معلومات شیئر نہ کریں اور مشکوک مواقع کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو دیں۔

،سکیورٹی ذرائع نے کہا بعض بھارتی ایجنسیز سروے اور ریسرچ کے بہانے قومی منصوبوں، تنصیبات ،گردونواح کی تصویریں اور لوکیشن حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو قومی سلامتی کےلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی آن لائن جاب آفر قبول کرنے سے قبل کمپنی کی تصدیق کریں، کسی بھی غیر معمولی معلومات یا مقامات کے بارے میں پوچھ گچھ کی صورت میں متعلقہ اداروں سے رجوع کریں، تدارکی کارروائیوں کیلئے پی ٹی اے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت مطلع کریں ۔