لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا چندے کھانے والے دوسروں کو بھی یہی درس دیں گے۔
مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا جس کو دیکھو وہ پنجاب پر انگلی اٹھانے آجاتا ہے، حالانکہ اپنے صوبوں کی حالت دیکھنی چاہیے، کے پی میں دہشت گردی، کرپشن، لاقانونیت اور بیڈ گورننس روزانہ دروازے پر دستک دیتی ہے لیکن وہاں کی حکومت اس پر کوئی بات نہیں کرتی،بونیر، صوابی اور سوات میں سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے، کیا کے پی حکومت نے ان متاثرین کو امداد فراہم کی؟ آپ کے وزیراعلیٰ ہر مہینے وفاق سے فنڈز کیلئے خط لکھتے ہیں اور آپ یہاں شیخ چلی کی طرح شیخیاں بکھیر رہے ہیں، کے پی کابینہ کے 2وزرا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کرپشن کی کہانیاں سنا کر استعفے دیئے ۔
صوبائی وزیر نے کہا پنجاب کے 27 اضلاع میں 1857 ٹیمیں سیلاب متاثرین کے سروے میں مصروف ہیں، یہ سروے متاثرہ افراد، کسانوں، مکانات، فصلوں اور مویشیوں کا جائزہ لے رہا ہے، پنجاب میں سیلاب سے 45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اتنے بڑے پیمانے پر متاثرین کے سروے ایک ماہ میں مکمل ہو جائیں گے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز سیلاب متاثرین کے نام پر قرض یا امداد نہیں مانگیں گی، مریم نواز خود سیلاب سے متاثرہ ہر فرد کے پاس جا کر ان کی مدد کریں گی، وہ کسی کے سامنے مدد کیلئے ہاتھ نہیں پھیلائیں گی اور ان کا مقصد عوامی خدمت ہے نہ کہ امداد یا چندہ مانگنا۔
چندے کھانے والے دوسروں کو بھی یہی درس دیں گے، عظمیٰ بخاری
















