غزہ معاہدے کی حمایت، وزیراعظم نے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دیئے،اسد قیصر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہامجوزہ غزہ امن معاہدے کی حمایت کرکے وزیراعظم نے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دیئے،شہبازشریف قوم سے معافی مانگیں، فلسطینیوں کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ قبول نہیں،معاہدے کےلئے فلسطین کی رائے کو اہمیت نہیں دی گئی۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کیا 8 اسلامی ممالک کے ایک بھی سربراہ نے ٹوئٹ کیا؟ وزیراعظم نے ٹوئٹ کر کے پاکستانیوں کے جذبات کو مجروح کیا،اسد قیصر نے کہا حساس و اہم قومی فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا،”آئیں بائیں شائیں“ کرنے سے قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے،سابق سینیٹر مشتاق فلسطینیوں کےلئے امداد لے جا رہے تھے، اسرائیلی فوج نے گرفتار کرلیا، گرفتار افرادکی رہائی کےلئے سفارتی کردار ادا کیا جائے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکات منظر عام پر آنے سے پہلے ہی وزیراعظم ہر شرط مان چکے تھے، ظاہر ہوتا ہے حکومت پہلے ہی جھک چکی ، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کرینگے۔

سابق سپیکر نے کہا فلسطینیوں کی مشاورت کے بغیر کوئی معاہدہ کیا گیا تو قابل قبول نہیں ہوگا،حرم شریف کےلئے سب کی جانیں قربان ہیں لیکن جذبے کو سیاسی مفادات کےلئے استعمال نہ کیا جائے، حرمین شریفین کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا توقوم مقابلہ کرے گی۔