آئینی بنچ نے سپر ٹیکس کیس میں اہم سوالات اٹھا دئیے
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے سپر ٹیکس کیس میں اہم سوالات اٹھا دئیے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،کمپنیوں کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا 1922 ،1976 میں ٹیکس کی لینگویج مختلف تھی،جسٹس جمال خان مندوخیل نے استفسار کیا ایک سسٹم جس پر ٹیکس ہوتا ہے اس پر سپر ٹیکس کیسے نافذ کرتے ہیں؟،وکیل فروغ نسیم نے کہا انکم کا اندازہ ہوگا تو سپر ٹیکس یا سر چارج لگے گا، جنوری 2021 میں ایک اکاونٹ کھلتا ،31 دسمبر 2021 کو بند کر دیا جاتا ہے لیکن 6ماہ بعد ٹیکس لگ جاتا ہے جو وہ پہلے دے چکا ہے،سپر ٹیکس انکم پر لاگو ہوگا کہیں نہیں لکھا اضافی ٹیکس ہے، 4 سی میں اضافی ٹیکس کا کہیں ذکر نہیں کیا گیا، ٹیکس پیئر 4 اور 4 سی میں ایکٹ کے مطابق ٹیکس دے سکتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا قانون یا آپشن کہاں سے آیا؟۔
وکیل فروغ نسیم نے کہاجنرل پرنسپل ہے ٹیکس دینے والا اپنی مرضی سے دو ایک جیسے قانون میں سے ایک کے تحت ٹیکس دے سکتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے جیسے ایک جرم میں 2سیکشن لگے ہوں تو ایک سیکشن سے سزا ہوگی اور اس کے تحت سزا ہوگی جس میں سزا کم ہو،وکیل فروغ نسیم نے کہاجی یہاں بھی اسی پرنسپل پر عمل درآمد ہوگا اور ڈبل ٹیکس نہیں لگ سکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آپ رکن پارلیمنٹ رہ چکے ،بتائیں ڈرافٹ کون تیار کرتا ہے؟ وکیل فروغ نسیم جواب دیا 4 سی میں نے ڈرافٹ نہیں کیا۔



















