وزیراعظم شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات آج ہوگی

واشنگٹن (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج واشنگٹن میں ملاقات ہوگی، وائٹ ہاوس نے تصدیق کردی۔ امریکی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے رائٹرز بتایا ہے کہ توقع ہے کہ صدر ٹرمپ جمعرات کو پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے وائٹ ہاوس میں ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں ہو گی، وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات میں عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی ملاقات میں شرکت کا امکان ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور مسلم رہنماوں کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ پر عملدرآمد سے متعلق آج گفتگو ہوگی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج اہم اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جس میں اس مشترکہ اعلامیہ کو عملی جامہ پہنانے پر بات چیت ہوگی۔ مسئلہ فلسطین اور کشمیر سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں تمام ایشوزپربات کریں گے۔

وزیراعظم نے معرکہ حق کو پاکستان کی عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج نے ہندوستان کو شکست فاش دی اور بھارت کاگھمنڈ پاش پاش کر دیا، وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایاکہ جنگیں کس طرح لڑی جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات میں دن بدن بہتری آرہی ہے، بنگلہ دیش کے ساتھ تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماو¿ں کے ساتھ امریکی صدر کے اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنما کافی دیر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رہے، بے تکلف انداز میں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے رہے، امریکی صدر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا۔

اسلامی ملکوں کے رہنماوں کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقات کی، اس دوران غزہ میں جنگ بندی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی سربراہی میں عالمی ترقیاتی اقدام کے موضوع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی چین کے وزیراعظم سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر سے جرمن میں گپ شپ لگالی، ہلکے پھلکے جملوں کے ساتھ قہقہوں کا تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریا کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، شاید کل ہی چلے جائیں۔ وزیراعظم کی کویت کے ولی عہد سے بھی ملاقات ہوئی، اس دوران دونوں ملکوں کے تعلقات مزید آگے لے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقات ہوئی، دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم نے سری لنکا کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔