راولپنڈی:(بیورورپورٹ)جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کا ویڈیو لنک سماعت کا بائیکاٹ، وکلا بھی بطور احتجاج چلے گئے،عدالت پیش کرنے کی درخواست خارج کردی گئی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا ویڈیو لنک سماعت کااقدام ناقابل قبول ہے۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا مقدمے کی کارروائی اڈیالہ جیل سے پنجاب حکومت کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت اے ٹی سی منتقل کی گئی ، جائزہ لینے کا اختیار صرف آئینی عدالت کو حاصل ہے،ضابطہ فوجداری میں 2016کی ترمیم کے بعد ملزموں کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات 15اور 21کا حوالہ دیتے ہوئے پراسیکیوٹر نے کہاعدالت کو مقدمے پر فیصلے کا اختیار حاصل ہے ،حکومت کارروائی کو منتقل کرنے کی وجوہات دینے کی پابند نہیں،عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کےخلاف درخواست دائر کرنا دراصل کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے ،وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا منصفانہ ٹرائل چاہتے ہیں اور اسی وقت ممکن ہے جب ملزم عدالت میں ذاتی طور پر موجود ہو، صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کی کاپی ایک روز قبل ملی ،اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے،عدالت نے عمران خان کی ذاتی حیثیت میں پیشی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہو سکتے ہیں۔
بعدازاں جیل حکام نے عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا، وکیل فیصل ملک نے عدالت کو آگاہ کیا عمران خان کا حکم ہے کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے ،عمران خان نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ویڈیو لنک بھی آف کر دیا ،وکلا بھی بطور احتجاج چلے گئے۔
عدالت نے استغاثہ کے2گواہوںسب انسپکٹر سلیم قریشی ،سب انسپکٹر منظور شہزاد کے بیانات قلمبند کیے، عدالت کو 13یو ایس بی فراہم کی گئیں،9مئی سے متعلقہ عمران خان کی 40ویڈیوز، پی ٹی آئی رہنماوں کے ویڈیو کلپس اور اخباری تراشے شامل تھے۔
گواہوں نے کہا ڈیجیٹل شواہد بینظیر بھٹو ، مال روڈ، لیاقت باغ و ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کیے گئے،عدالت نے 23ستمبر کومزید 10گواہوں کو طلب کر لیا، پیمرا، ایف آئی اے، پی ٹی آئی، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، انٹرنل سکیورٹی ،وزارت داخلہ کے نمائندے شامل ہیں۔
دوسری جانب توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران ،بشریٰ کی بریت درخواستوں پر جلد سماعت کی اپیل پر پھر سماعت ملتوی کر دی گئی،دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا ایک ماہ سے کیسز تیزی سے چل رہے ہیں، پیر کو فیصلہ آنے کی امید ہے، سماعت نہ ہوئی تو ریلیف حاصل کرنے میں مزید وقت لگ جائے گا،ضمانت کے فیصلے میں لکھا گیا جرم نہیں بنتا پھر ٹرائل کیوں بھگتنا پڑ رہا ہے؟کیس جلدسماعت کیلئے مقرر نہ کیا گیا تو دوبارہ عدالت نہیں آئیں گے۔
عمران کا ویڈیو لنک سماعت کا بائیکاٹ، عدالت پیش کرنے کی درخواست خارج
















