سیلاب سے پنجاب سندھ سرحد کی دریائی پٹی پر تباہی، زمینی رابطے منقطع

لاہور،کشمور، ملتان، بہاولپور: (نمائندگان)سیلاب سے پنجاب سندھ سرحد کی دریائی پٹی پر تباہی، زمینی رابطے منقطع،فصلیں تباہ،کہروڑ پکا میں حفاظتی بند موجوں کے سامنے نہ ٹھہر سکا۔

منچن آباد کے نواحی علاقے لالیکا کے قریب بستی مموکا میں کشتی الٹنے کے باعث ڈوب کر لاپتہ ہونےوالے 2نوجوانوں کی لاشیں مل گئیں، جلالپور پیر والا میں بدستور سیلابی صورتحال ہے، شجاع آباد ،دھوندو کے بند ٹوٹ گئے، چناب کا پانی 138 بستیاں بہا لے گیا،سندھ پنجاب کی سرحدی پٹی کے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ ،کچے کے علاقوں میں موجود گنے، کپاس ،چاول ،سبزیوں سمیت دیگر فصلیں زیرآب آگئیں ۔

بہاولنگر کے موضع جات سنتیکا، یاسین کا، موضع عاکوکا ہٹھاڑاور سہوکا کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ہو گیا، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے،بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ بھی سیلاب کی زد میں ہے، 100 سے زائد گاوں ڈوب گئے،موضع دھوندو کے قریب دریائے چناب کے حفاظتی بند میں ایک بار پھر شگاف سے قریبی دیہات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے،80 فٹ چوڑے شگاف کو پر کرنے کی کوشش میں 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے ، ریسکیو ٹیم نے 2 مزدوروں کو بچا لیا ،بند ٹوٹنے سے بستی مٹھو ، سومن اور بنگالا متاثر ہوگئے۔

کہروڑپکا میں ستلج کے سیلابی پانی نے تباہی مچاتے ہوئے دریائی پٹی کے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا، جھوک آہیر کا حفاظتی بند بھی دریا کی موجوں کے سامنے نہ تھم سکا، موضع عین واہن ،جھامبی واہن کے علاقے زیر آب ، وسیع علاقے میں فصلیں ڈوب گئیں،بستیوں میں پانی داخل ہونے سے گھر ڈوب گئے، گھروں ،فصلوں کو بچانے کےلئے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بند بنانا شروع کردئیے۔

علاوہ ازیں پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلہ سندھ میں داخل ہوگیا ،کچے کے مکینوں نے علاقہ خالی کرنے سے انکار کردیا،ادھر ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں 97 شہری جاں بحق ،4500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے،24 لاکھ 51 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔