سیلاب سے تباہی،بین الاقوامی امداد کیلئے اپیل میں تاخیر ناقابل فہم ہے،بلاول بھٹو

کراچی:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین کیلئے فوری بین الاقوامی امداد کی اپیل کا مطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے لکھا وفاقی حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے مطالبے پر ماحولیاتی و زرعی ایمرجنسی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، قابل افسوس ہے وفاقی حکومت اب تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی ریلیف کا اعلان نہیں کر سکی،وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر یقین دہانی کرائی تھی متاثرین سیلاب کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے کہاوفاقی حکومت کی جانب سے اقوامِ متحدہ نظام کے تحت بین الاقوامی امداد کیلئے اپیل میں تاخیر ناقابل فہم ہے، آفات کے دوران دنیا بھر میں بین الاقوامی امداد کی اپیل معمول کی پریکٹس ہے جیسا 2022کے سیلاب کے دوران اس وقت کیا گیا جب میں وزیر خارجہ تھا،2010کے سیلاب اور 2005کے زلزلے کے وقت بھی بین الاقوامی امداد کیلئے اپیلیں کی گئی تھیں۔

چیئرمین پی پی نے کہابین الاقوامی امداد کی اپیل نہ کر کے کروڑوں متاثرہ پاکستانیوں کو امداد سے محروم رکھنے کا کوئی جواز نہیں،بین الاقوامی امداد کی اپیل فوری طور پر کی جائے، پیپلز پارٹی متاثرین سیلاب کیلئے قومی و تمام صوبائی اسمبلیوں،سینٹ میں قراردادیں پیش کرے گی،سیلاب سے سب سے زیادہ زراعت کا شعبہ متاثر ہوا ،امید ہے وفاقی حکومت شعبے کی بحالی کیلئے کیے گئے اقدامات میں بھرپور مدد کرے گی۔