ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے پسپ پروگرام کے منصوبوں کا معائنہ کرنے کیلئے شہر بھر کا دورہ کیا۔ 4 گھنٹے طویل دورے میں انہوں نے محمد پور روڈ، کالج چوک، غلہ منڈی، پاک پتن روڈ اور 90/9L میں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت زیر تعمیر نارتھ اور ساتھ ڈسپوزل سٹیشنوں پر تعمیراتی کام بھی چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، اے ڈی سی فنانس رانا اورنگزیب اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان بھی ہمراہ تھے۔ کمشنرساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری کاموں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کاموں کو ٹائم لائن کے مطابق کرنے کیلئے اضافی وسائل لگائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثر سڑکوں کو بھی فی الفور بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں دقت نہ ہو۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ منصوبوں پر کام کی کوالٹی برقرار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ کا عمل بہتر کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اندرون جی ٹی روڈ پر جاری کام کے دوران سیفٹی بیلٹ بھی لگائی جائے اور چک نمبر 90/9 ایل کے جاری سیوریج کام کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پسپ پروگرام کی تکمیل سے شہر کے سیوریج مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے اڈا مائی والی مسجد پر کنڈوٹ ڈالنے کے کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ سٹی منیجر پسپ محمد اسجد خان نے تمام جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
تعمیراتی منصوبوں پر مانیٹرنگ کا عمل بہتر کیا جائے: کمشنر ساہیوال
















