جلالپور پیر والا بڑے سیلابی ریلے کی زد میں ، ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کا انخلا

ملتان (مشرق نیوز) دریائے چناب کے بپھرنے سے ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا چاروں جانب سے بڑے سیلابی ریلے کی زد میں آگیا جبکہ اوچ شریف سپرہائی وے پر لگایا گیا شگاف بھی مزید بڑا ہوگیا، ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کا انخلا جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر وزرا نے بھی جلالپور پیر والا کے نواحی گاوں 86ایم بند پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب انخلا آپریشن کیلئے خود سپیکر پر اعلان کرتی رہیں جبکہ کمشنر ملتان اور دیگر حکام بھی جلالپور پیر والا میں موجود ہیں جہاں صبح 6 بجے سے آپریشن جاری ہے۔ تحصیل جلالپور کے 90 فیصد نواحی علاقے اب تک زیر آب آچکے جبکہ اوچ شریف پر شگاف سے سیلاب کی زد میں آنے والی بستیوں سے بھی انخلا جاری ہے۔

دوسری جانب دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کا بہاو 6 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہے اور پانی کے بہاو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاو 50 ہزار کیوسک تک آ گیا ہے۔ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پانی کا بہاو 92 ہزار کیوسک اور قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاو 94 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاو ایک لاکھ 78 ہزار کیوسک ہے، پانی کے بہاو میں کمی ہورہی ہے۔دریائے ستلج سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاو ایک لاکھ 24 ہزار کیوسک ہے۔

دریائے راوی میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاو ایک لاکھ 82 ہزار کیوسک ہوگیا اور جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاو 23 ہزار کیوسک تک آ چکا ہے۔شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 31 ہزار کیوسک اور بلوکی ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہاو 63 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاو 78 ہزار کیوسک ہے اور پانی کا بہاو کم ہو رہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کی شدت میں کمی سے دریاوں کے بہاو میں نمایاں کمی واقع ہو چکی ہے، دریاوں کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ رک چکا ہے۔