3 کارکنوں کو4،4ماہ قید،شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں گنڈا پور کے وارنٹ


راولپنڈی،پشاور:(بیورورپورٹ)احتجاج مقدمے میں پی ٹی آئی کے 3 کارکنوں کو4،4ماہ قید،عرفان سلیم سمیت 6 ملزم سینٹرل جیل پشاور حملہ کیس میں بری،شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔

اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے مقدمات پر سماعت کی،پی ٹی آئی کے 3 کارکنوں نے جرم قبول کرتے ہوئے کہا پرتشدد احتجاج میں قیادت کی ایماءپر شریک ہوئے،جلاﺅگھیراو کیا،رعایت کی استدعاہے ،عدالت نے ملزموں کا اعترافی بیان سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے 4، 4 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت نے پشاور سینٹرل جیل پر حملے کے مقدمے میںنامزد پی ٹی آئی رہنماعرفان سلیم سمیت 6ملزموں کو مقدمے سے بری کردیا،عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت نہ ہونے پر تمام ملزموں کو مقدمے سے بری کیا۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے سماعت کی،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا ،جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے حکم دیا علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے 17 ستمبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔