فلڈ آپریشن میں جاں بحق اسسٹنٹ کمشنر کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں فلڈ ریلیف آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا گیا،فلڈ ریلیف کیلئے فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے فرقان احمد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے گرانٹ بھی دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اے سی فرقان احمد کیلئے اعلیٰ سول ایوارڈ اور ایک کروڑ روپے دینے کی منظوری دے دی،اسسٹنٹ کمشنر پتوکی فرقان احمد خان کینسر مریض ہونے کے باوجود 4 دن سے مسلسل فلڈ ریلیف ڈیوٹی کر رہے تھے، مرحوم فرقان احمد خان پتوکی سیلاب زدہ علاقے میں متاثرین کو ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف رہے، انہوں نے پتوکی میں سیلاب متاثرین کو خوراک، میڈیسن اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کا مسلسل کام کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے مرحوم فرقان احمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔