ریلوے سٹیشن جیسے عوامی مراکز شہر کی شناخت اور وقار کی علامت ہوتے ہیں:لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن

لاہور (سٹاف رپورٹر)لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کے عہدیداران نے چیئرمین میاں ساجد کی قیادت میں سیکرٹری بلدیات پنجاب میاں شکیل نوید سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں اہم ملاقات، ریلوے سٹیشن لاہور کی خستہ حالی، صفائی کے ناقص انتظامات، ناکافی روشنی، مسافروں کو درپیش مشکلات اور شہر کی سیاحتی اہمیت جیسے اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔وفد نے اس موقع پر کہا کہ لاہور ریلوے سٹیشن ملک کے سب سے بڑے اور قدیم سٹیشنوں میں شمار ہوتا ہے اور یہ نہ صرف مسافروں بلکہ غیر ملکی سیاحوں کیلئے بھی لاہور کا پہلا تاثر بنتا ہے اسلئے ضروری ہے کہ یہاں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات ہوں، روشنی کا موثر نظام نصب کیا جائے اور مسافروں کیلئے سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے۔سیکرٹری بلدیات میاں شکیل نوید نے وفد کے مطالبات کو بجا قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سٹیشن کے اندر اور اطراف میں لائٹنگ کے نئے انتظامات کئے جائیں اور صفائی کے عملے کی کارکردگی میں فوری بہتری لائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سٹیشن کے قریب آرائش و تزئین کے منصوبے شروع کرنے کیلئے بھی عملی اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن جیسے عوامی مراکز شہر کی شناخت اور وقار کی علامت ہوتے ہیں، اسلئے ان کی حالت بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سیکرٹری نے مزید کہا کہ جلد ہی لاہور ریلوے سٹیشن اور اس کے گردونواح میں شہری سہولیات کے کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے تاکہ عوام اور مسافروں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی، جہاں مختلف تجاویز اور عملی اقدامات پر سنجیدگی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے سیکرٹری بلدیات کی توجہ اور عملی دلچسپی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پرتکلف چائے کے دوران بھی باہمی تعاون اور شفاف حکومتی اقدامات پر زور دیا گیا۔وفد میں ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری خالد معراج، سینئر نائب صدر سید ممتاز حسین بخاری، نائب صدر میاں طارق اور سیکرٹری فنانس اسد خالد شامل تھے۔ وفد نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ ایسوسی ایشن شہری سہولتوں کے فروغ اور لاہور کی سیاحتی ترقی کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی تاکہ لاہور کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے مزید پرکشش اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔