اسلام آباد (مشرق نیوز) سینیٹ میں انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، اپوزیشن نے بل کی منظوری کیخلاف احتجاج کیا۔ سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سیدال ناصر کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 پیش کیا، اپوزیشن ارکان نے بل کو آئین اور بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا، کامران مرتضیٰ نے بل پر ترامیم پیش کیں اور اسے اسلامی نظریاتی کونسل بھجوانے کی تحریک دی۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کی ترامیم مسترد کر دی گئیں جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور ایوان سے واک آوٹ کیا۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اگر ہم ترمیم کی مخالفت کررہے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم دہشت گردوں کے حامی ہیں، اس بل کو کمیٹی میں بھجواتے تو قیامت نہیں آجاتی، یہ ترمیم آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے مخالفت میں کہا کہ یہ بل اسلامی تعلیمات اور انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، جہاں انصاف نہیں ہوگا وہاں دہشت گردی بڑھے گی، بل کو صرف دہشت گردی کی تعریف تک محدود ہونا چاہئے،جلد بازی میں یہ قانون سازی نہ کی جائے کیونکہ اس کا سیاسی مخالفین اور اختلاف رائے رکھنے والوں کے خلاف استعمال کیا جا سکتا ہے۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس قانون میں ماضی میں بھی کئی ترامیم کی جا چکی ہیں اور سیکشن 4 کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فوج طلب کرنے کا اختیار حاصل ہے، سب آرٹیکل ون کے تحت ملزم کو وکیل کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس قانون کومزید بہتر بنانے کیلئے ترامیم شامل کی گئی، م±لک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، نوجوانوں کو تحفظ دینا ہمارا کام ہے، اگر خیبر پختونخوا میں یہ استعمال ہونا ہے تو ادھر کی صوبائی حکومت اس کی اجازت دے گی، اگر آپ ملک کیلئے خطرہ ہیں تو آپ کو 90 روز کے لیے حفاظتی تحویل میں لیا جائے گا، اگر آپ کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں تو رہا کر دیا جائے گا، اس قانون کے تحت کسی کو لاپتہ یا غائب نہیں کرنا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جو بریفنگ وفاقی وزیر قانون نے یہاں دی، میڈیا کو دی جاتی تو بہت سے سوالات ختم ہو جاتے، جب میں شاہ محمود قریشی کو ہتھ کڑی میں دیکھتا ہوں تو مجھے د±کھ ہوتا ہے، ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ ملک میں دہشت گردی بڑھے، ملک میں دہشت گردی ہو تو کبھی فوج یا کبھی حکومت کو الزام دیا جاتا ہے، اس بل میں ترمیم سے یہ نہیں ہو گا کہ پکڑنے جانے والے کو اپنا جرم بھی پتا نہ ہو، قانون سازی کی راہ میں اسلئے روڑے نہ اٹکائیں کہ یہ حکومت پیش کر رہی ہے، بل میں تعاون کریں، ہمیں اس دہشت گردی کے طوفان کا راستہ قانون سازی کے ذریعے روکنا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ بل ہمیں منظور کرنا ہوگا کیونکہ ہم دہشت گردی کے خلاف بڑے محاذ پر لڑ رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ انصاف آئین کے مطابق یقینی بنایا جائے، روزانہ شہادتیں 400 سے زائد ہو رہی ہیں ، ہم نے تو اس بل کو لانے میں دیر کر دی، اگر اندر جانے کی بات ہے تو پیپلز پارٹی پہلے اندر جائے گی، انصاف ہو اور آئین کے مطابق ہو، پاکستان میں پراسیکیوشن کمزور ہے، نیشنل اسمبلی میں اس بل کو ٹھیک سے نہیں سمجھایا گیا۔
ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی جڑیں اکثر کمپرومائزز کی وجہ سے مضبوط ہوئیں، سیاسی کارکنوں کو بھی دہشت گرد کہہ کر غائب کیا گیا، ریاستِ پاکستان لاپتہ کا سلسلہ ختم کرے، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے ساتھ نمٹنے کے لیے آپ کو ساری چیزیں چاہئیں۔بل پر بحث کے بعد ایوان نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کو کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
سینیٹ: انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور، اپوزیشن کا احتجاج


















