راولا کوٹ نالے اوردریائے نیلم میں 2گاڑیاں بہہ گئیں،6افراد جاں بحق

راولا کوٹ ( مشرق نیوز) راولا کوٹ اور دریائے نیلم میں گاڑیوں کے حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق راولا کوٹ میں پونچھ یونیورسٹی کے تراڑ کیمپس کے قریب کار نالے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں پونچھ یونیورسٹی کی خاتون لیکچرار جاں بحق ہوگئی۔پولیس کے مطابق لیکچرار کی گاڑی تراڑ کیمپس کے قریب نالے سے گزر رہی تھی کہ گاڑی بند ہوگئی، اس دوران نالے میں زیادہ پانی آنے کی وجہ سے گاڑی بہہ گئی، حادثے میں جاں بحق خاتون گل لالہ کا تعلق راولاکوٹ کے نواحی علاقے کھڑک سے تھا۔پولیس نے بتایا کہ نالہ تراڑ میں بہہ جانے والی گاڑی میں ڈاکٹر گل لالہ بھی موجود تھیں جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ گریس ویلی میں گاڑی دریائے نیلم میں گرگئی جس سے 5 افراد موقع پر زندگی کی بازی ہارگئے۔