اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سینٹ میں وزراءکو ایوارڈ دینے اور اشتہار پر قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر اپوزیشن کا شدید احتجاج،جشن میلادالنبی کو ملک بھر میںاعلیٰ سطح پر منانے اور یوم آزادی کی مناسبت سے قراردادیں منظور کرلی گئیں۔
قرارداد میں بابائے قوم قائداعظم ،جدوجہد کرنےوالے تمام شرکائے تحریک کو زبردست خراج عقیدت ،آئین پاکستان کے خالق اراکین پارلیمنٹ کی خدمات کو سراہا گیا،ایوان نے مسلح افواج، پولیس و دیگر سکیورٹی اداروں کو ملک کے تحفظ، سلامتی و خودمختاری کےلئے پیش کی گئی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا ملکی سلامتی، آزادی، خودمختاری ، علاقائی تحفظ کےلئے کردار ادا کرنے والے تمام پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں،نوجوان سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی، ترقی و خوشحالی کےلئے بھرپور کردار ادا کریں۔
دریں اثناجشن میلادالنبی کو ملک بھر میںاعلیٰ سطح پر منانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی،قرارداد میں کہا گیاوفاقی و صوبائی حکومتیں اعلیٰ سطح کے قومی پروگرامز منعقد کریں، پوری قوم سے اپیل ہے بابرکت موقع کو عقیدت و احترام کےساتھ منایا جائے۔
علاوہ ازیں اپوزیشن نے وفاقی وزرا کو ایوارڈ دینے اور یوم آزادی کے اشتہار میں قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر احتجاج کیا،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ممبران سینٹ کو 14 اگست اور 26 مارچ کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا،عرفان صدیقی ،سرمد علی کو بھی سول ایوارڈ دینے کا اعلان ہوا جو 23 مارچ کو دیا جائےگا،اپوزیشن اراکین نے احتجاج کرتے ہوئے سوال کیا بتایا جائے کس بنیاد پر ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ؟۔
فیصل جاوید نے کہا عمران خان نے اقوام متحدہ میںآواز اٹھائی، اقوام متحدہ اب اسلامو فوبیا کےخلاف دن مناتا ہے،یوم آزادی کے اشتہارمیں پورے ٹبرکی تصویر،قائداعظم کی نہیں تھی ،مذمت کرتے ہیں، حکومت کا اقدام شرمناک ہے، وضاحت چاہیے کیوں اشتہار سے قائد اعظم کو نکالا گیا،چیئرمین سینٹ سے آپ وضاحت مانگیں،اشتہار ٹیکس پیئر کے پیسے سے بنا ،بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹائیگرز نے معرکہ حق پربھرپور مہم چلائی، ٹائیگرز نے رات جاگ کر بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کیا، سوشل میڈیا ٹائیگرز کو ایوارڈ نہیں دیا گیا، آپ نے ایوارڈ کی وقعت ختم کر دی۔
فلک ناز چترالی نے کہا عطا تارڑ نے کون سی جنگ لڑی تھی؟ ہمایوں مہمند نے طنز کرتے ہوئے کہا جنگ کا ڈیزائن بنانے والے نواز شریف کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
سینٹ،وزراکو ایوارڈ دینے اور اشتہار پر قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر احتجاج
















