ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن، تعمیراتی معیار کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے، مریم نواز

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں لاہور،پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ، صاف پانی، واٹر فلٹریشن پلانٹ و دیگر ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں مثالی گاوں پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مریم نوازنے واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلئے30جون 2026 کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں سٹریٹس کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے پر زور دیا اور بعض پراجیکٹ کی تکمیل بروقت نہ ہونے پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر و مرمت ،بحالی کےلئے باقاعدہ سسٹم وضع کیا جائے، ترقیاتی منصوبوں کی ٹائم لائن و تعمیراتی معیار کو مد نظر رکھنابے حد ضروری ہے۔

دریں اثنا مریم نواز 5 روزہ سرکاری دورے پر جاپان چلی گئیں،لاہور ائیر پورٹ پر اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ ،وفد کو رخصت کیا، سینئر صوبائی مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ بخاری، صوبائی وزرا ملک صہیب بھرت، ذیشان رفیق،معاون خصوصی ثانیہ عاشق و اعلیٰ سرکاری افسر بھی وفد میں شامل ہیں۔

مریم نواز سرکاری طور پر جاپان کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہیں،ٹوکیو، اوساکا اور یاکوہوما کے دورے ،اوساکا میں ورلڈ ایکسپو میں شرکت کریں گی،اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔