آئین،جمہوریت، دفاع و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، بلاول بھٹو


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آئین،جمہوریت، دفاع اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

جشن یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو یوم آزادی و معرکہ حق کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا بے روزگاری، مہنگائی، غربت اور امتیاز کے خاتمے کی جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا،جمہوری استحکام، 1973 کے آئین اور پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع و خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،دن عوام کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا قائد عوام بھٹو اور بینظیر شہید نے اپنی زندگیاں ملک و قوم کیلئے وقف کیں،یومِ آزادی کے موقع پر ہر پاکستانی، خصوصاً نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں آپ تقسیم سے بالاتر ہوکر نفرت اور عدم برداشت کو مسترد کریں، پرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کےلئے مل کر کام کریں، آئیں عہد کریں اپنی جمہوریت کا تحفظ ،عوام کو بااختیار بنائیں گے۔