دنیا کو واضح پیغام دیدیا پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے دنیا کو واضح پیغام دیدیا پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے۔

پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا رواں سال یوم آزادی کا جشن منفرد ہے، مئی میں معرکہ حق نے دو قومی نظرئیے پر مہر ثبت کردی، دو قومی نظریہ حقیقت بن کر ابھرا ،دشمن نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت کو مسلط کیا، پاکستان کا تشخص مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ،پاکستانی قوم ،مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

عطا تارڑ نے کہا معرکہ حق کی تاریخی فتح کا جشن منایا ،آزادی کا تحفظ کیا اور دنیا کو پیغام دیا پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنا جانتی ہے، جنگ میں بہترین حکمت عملی اپنا کرپاک فوج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،انفارمیشن وار فیئر بھی لڑی گئی، وزارت اطلاعات نے بہترین کام کیا، ڈیجیٹل وار فیئر میں قوم کا حوصلہ بلند رکھنا اور عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اجاگر کرنا تھا۔