یاسمین راشد کی ضمانت درخواستیں خارج،اعجاز چودھری کی طبیعت خراب،ہسپتال منتقل


لاہور: (کورٹ رپورٹر) خصوصی عدالت نے یاسمین راشد کی 9 مئی مقدمات میں ضمانت درخواستیں خارج کر دیں،جج منظر علی گل نے فیصلے میں قرار دیا مقدمات کے فیصلے آنے پرضمانت کی درخواستیں غیر موثر ہو چکیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کو جیل میں طبیعت بگڑ جانے پر فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا،وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ کے مطابق اعجاز چودھری کے گردوں میں انفیکشن ،شدید تکلیف کا سامنا ہے ،پتے میں بھی 7 پتھریاں پائی گئیں۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ نے سزاﺅں کے بعد نااہلی نوٹیفکیشن کےخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے احمد خان بھچر، احمد چٹھہ اور جنید افضل ساہی کی درخواست پر سماعت کی،بیرسٹر شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا اے ٹی سی نے 9مئی مقدمات میں سزائیں سنائیں، الیکشن کمیشن نے سپیکر کا ریفرنس آئے بغیر ہی درخواست گزاروں کو نااہل قرار دےدیا ۔