اے سی سی اجلاس، بنگلہ دیش نے بھی بھارتی دباو مسترد کر دیا

کراچی (مشرق نیوز) بنگلہ دیش نے ایشین کرکٹ کونسل میٹنگ کی ڈھاکہ سے منتقلی کیلئے بھارتی دباو مسترد کر دیا۔ بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے ایشین کرکٹ کونسل اجلاس سے پہلے مقام تبدیل کرنے کی افواہوں کو مسترد کر دیا۔

منگل کو جاری کردہ بیان میں بی سی بی چیف نے کہا کہ ان افواہوں کی سختی سے تردید کی کہ آنے والی ایشین کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل میٹنگ کا مقام تبدیل کر کے دبئی منتقل کرنا پڑسکتا ہے اور واضح کیا کہ یہ اجلاس طے شدہ شیڈول کے مطابق 24 جولائی کو ڈھاکہ میں منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی اجلاس میں شرکت غیر یقینی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ سیاسی کشیدگی کے باعث یہ اجلاس دبئی منتقل کیا جا سکتا ہے۔

امین الاسلام نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ تمام تیاریاں مکمل ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ تمام اراکین ممالک اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان سیاسی تناو کی وجہ سے حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان کئی ایسے اقدامات ہوئے ہیں جس سے تلخی بڑھی ہے۔

امین الاسلام نے مزید کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل ایشیا میں کرکٹ کی گورننگ باڈی ہے اور ہم نے پہلے کبھی کوئی بڑا اجلاس یہاں منعقد نہیں کیا، ہم 23 جولائی کو رسمی عشائیے کا اہتمام کریں گے اور 24 جولائی کو اے سی سی کی جنرل میٹنگ ڈھاکہ میں طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی، تقریباً ہر ملک کی شرکت متوقع ہے، ہمارے لئے یہ بڑا اعزاز ہے اور اب تک ہر چیز منصوبے کے مطابق ہو رہی ہے، مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

بھارت کی جانب سے نمائندہ بھیجنے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے لیکن امین الاسلام کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کا کوئی نمائندہ ذاتی طور پر شریک نہیں ہو سکتا تو انھیں ان لائن شرکت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ بھارت نے اے سی سی سے میٹنگ کسی اور ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جس کیلئے اسے سری لنکا کی بھی حمایت حاصل رہی۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اگر میٹنگ بنگلا دیش سے منتقل نہیں کی گئی تو بھارت ایشیا کپ سے دستبردار ہوکر اپنے ملک میں ستمبر میں ٹرائنگولر سیریز کا انعقاد کر سکتا ہے۔