عمران خان کو دستیاب سہولیات کسی قیدی کو حاصل نہیں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ عبدالغفور انجم نے کہاہے عمران خان کو جیل میں دستیاب سہولیات کسی دوسرے قیدی کو حاصل نہیں،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ،7 سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ،خوراک، صحت، کتابیں، اخبارات، واک، ورزش، ایکسر سائز سائیکل کی سہولت میسر ہے، بانی کو فراہم سہولیات بی کلاس کے کسی بھی اسیر کو میسر نہیں، اپنا کھانا تیار کرانے کیلئے قیدی کک کی سہولت بھی حاصل ہے۔

عبدالغفور انجم نے کہا بانی پی ٹی آئی نے 413 مرتبہ ٹوئٹس کرائیں، ورکرز کو ملکی سیاسی سرگرمیوں کیلئے ہدایات جاری کیں، عام انتخابات، سمبڑیال ضمنی الیکشن، 26 نومبر احتجاج، حکومت سے مذاکرات پر بھی ٹوئٹر پر ہدایات جاری کی گئیں،ایک سال سے کم عرصے میں بانی پی ٹی آئی کے بیانات 45 مواقع پر سرخیاں بن چکے۔

جیل انتظامیہ نے کہا بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ،اعضا رئیسہ مقررہ معیار کے مطابق ہیں،باقاعدگی سے معائنہ کیاجاتاہے،3مہینوں میں 66 خواتین و حضرات نے ملاقاتیں کیں، پارٹی لیڈرز، فیملی ممبرز اور وکلا شامل تھے،2 سال میں بانی پی ٹی آئی عالمی میڈیا سے بھی انٹریکشن کرچکے ،جیل سے مین سٹریم میڈیا ،اخبارات سے مخاطب ہوتے رہے ۔

انتظامیہ نے کہا جیل میں بانی پی ٹی آئی کےساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا،افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، سستی شہرت حاصل کرنے کےلئے سنسنی پھیلائی جارہی ہے۔