ایل ڈبلیو ایم سی مانیٹرنگ سٹاف کو ایک بار پھر انتظامی فیصلوں کی بھینٹ چڑھانے کا فیصلہ

لاہور (خبرنگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مانیٹرنگ سٹاف کو ایک بار پھر انتظامی فیصلوں کی بھینٹ چڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ہیڈ آفس میں دو مرتبہ اینڈ رائیڈ حاضری کے فیصلے کے بعد محدود تنخواہ میں گزارہ کرنے والے اہلکاروں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے، قبل ازیں مانیٹرنگ عملہ صبح فیلڈ میں اپنی ڈیوٹی انجام دے کر شام کے وقت دفتر میں حاضری لگاتا تھا مگر اب انہیں روزانہ صبح کام شروع کرنے سے قبل اور بعد شاہین کمپلیکس میں حاضری لگانے کیلئے پابند کر دیا گیا۔ یہ امر خاص طور پر باعث تشویش ہے کہ مانیٹرنگ سٹاف کو اس دو طرفہ سفر کیلئے کسی قسم کا پٹرول الاونس نہیں دیا جا رہا۔ بیشتر اہلکار پہلے ہی محدود تنخواہوں میں گزارہ کر رہے ہیں، ایسے میں بڑھتی ہوئی سفری ضروریات نے ان کیلئے معاشی دباو دوچند کر دیا ہے۔ حالیہ صورتحال سے ملازمین میں شدید بد دلی اور مایوسی پھیل رہی ہے۔ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ شعبہ مانیٹرنگ میں پٹرول کی تقسیم میں شدید اقربا پروری اور غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ بعض من پسند اور بااثر اہلکاروں کو باقاعدگی سے پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر ملازمین جن کی نہ کوئی سفارش ہے اور نہ ہی اثر و رسوخ، انہیں تمام اخراجات اپنی محدود تنخواہ سے پورے کرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ مانیٹرنگ سٹاف کے بعض ارکان کا کہنا ہے کہ وہ دن بھر فیلڈ میں کام کرتے ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی، صفائی کے معیار کی رپورٹنگ اور ورکرز کی کارکردگی مانیٹر کرنا جیسے اہم فرائض انجام دیتے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ اعلیٰ افسران کو اس پالیسی پر عملدرآمد کے باعث مانیٹرنگ کے شعبے میں پیدا ہونے والے اضطراب اور کارکردگی پر ممکنہ اثرات کا بخوبی اندازہ ہے، مگر تاحال کوئی بہتری یا نرمی دکھائی نہیں دے رہی۔ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے یا تو حاضری کا نظام سابقہ طریقہ کار کے مطابق بحال کریں یا مانیٹرنگ سٹاف کو مناسب پٹرول الاونس فراہم کریں تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی بغیر ذہنی و مالی دباو کے انجام دے سکیں۔ یہ صورتحال نہ صرف انتظامی بدنظمی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ کمپنی کے اندر پائے جانے والے داخلی تضادات اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا بھی آئینہ دار ہے، جس پر فوری توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔