پی ٹی آئی سے اختلاف ختم نہیں کررہے، چاہتے ہیں تعلقات میں میانہ روی رکھی جائے: فضل الرحمن
چارسدہ (نمائندہ مشرق) سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے کہا ہے پی ٹی آئی کےساتھ اختلافات ختم نہیں کر رہے ہیں،چاہتے ہیں تعلقات میں میانہ روی رکھی جائے ، اختلاف کو اختلاف کی حد تک محدود رکھا جائے،چارسدہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے کردار پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاصوبے کی اپوزیشن جماعتیں اراکین کی رکنیت معطل کرانے کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہی ہیں جبکہ ن لیگ نے بھی ہمارے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے، ن لیگ کو اندازہ نہیں اقدام سے فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟ ایسی اپوزیشن کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا، حکمران ہمیں گالیاں دیتے ہیں اور اپوزیشن بھی ہمارے خلاف عدالتوں میں جا رہی ہے تو ایسی صورت میں کسی بھی تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیسے کریں؟ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے،افغانستان سے متعلق سوال پرفضل الرحمن نے کہا ہمسایہ ملک کے ساتھ مذاکرات کی خاطر تعلقات بہتر رکھنا چاہیے، حکومت کو مشورہ دیتے ہیں مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔


















