کاشتکاروں کیلئے 100ارب قرض ،ٹریکٹر پرسبسڈی ،کسان کارڈپراسیسنگ فیس ختم

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز 2کے آغاز کی اصولی منظوری دےدی، کاشتکاروں کو فیز ٹو میں 628000کسان کارڈ کے ذریعے100ارب کے لون دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ زراعت پر خصوصی اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس فیز 2 کی منظوری دی گئی،پوٹھو ہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت 500منی ڈیم اور250آبی ذخائر کے پراجیکٹس کا جائزہ ، کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100ارب کے بلاسود لون دینے پراتفاق کیا گیا۔

گرین ٹریکٹر، ماڈل ایگریکلچر،ٹیوب ویل سولرائزیشن،ایگری ایجویٹ،ویٹ پروگرام،سپر سیڈر،سٹرس،پوٹھو ہار،ایگری ٹرانسفارمیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، مریم نواز نے گندم کے کاشتکار کوامدادی نرخ پر زرعی مداخل کی فراہمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا گندم کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فصل کی کاشت سے پہلے نیا پراجیکٹ دیں گے،اجلاس میںگندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر غورکیا گیا، 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے ڈیزل،کھاد،بیج اورزرعی ادویات حاصل کرسکیں گے، مریم نوازکی ہدایت پرکسان کارڈ فیز ٹو میں1000 روپے پراسیسنگ فیس ختم کردی گئی، کسان کارڈ فیز ٹو کیلئے 4200زرعی سپلائرز کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی، کسان کارڈ فیز ون میں کاشتکاروں سے 99فیصدلون کی وصولی کا ہدف پورا کیا گیا، گرین ٹریکٹرپروگرام فیز ٹو کے تحت 20ہزار ٹریکٹرسبسڈی پر ملیں گے، 50سے 65ہارس پاور تک 5لاکھ ،75سے 125ہارس پاور تک10لاکھ روپے سبسڈی حکومت ادا کرے گی، اگست میں گرین ٹریکٹر سکیم کےلئے د رخواستوں کی وصولی شروع ہوگی۔

ستمبر میں گرین ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ اور ڈسٹریبوشن کا کام مکمل کرلیا جائےگا،،10اضلاع میں جولائی سے سی ایم ماڈل ایگریکلچر مال فیز ٹو کا آغاز کردیا جائےگا، فیصل آباد،جھنگ،اوکاڑہ،خانیوال،راجن پور،وہاڑی،رحیم یار خان،شیخوپورہ، اٹک اورمیانوالی میں ماڈل ایگریکلچر مال بنیں گے،مریم نواز نے ملتان،سرگودھا،بہاولپور اورساہیوال میں ماڈل ایگریکلچر مال جولائی میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی، پنجا ب میں ایگری انٹرن شپ پروگرام کے تحت ایک ہزار زرعی گرایجویٹ نے 20لاکھ کاشتکاروں کی معاونت کی، ایگری انٹرن شپ پروگرام فیزٹو کے تحت 2ہزار ایگری انٹرن کی ستمبر میں ٹریننگ اوراکتوبر میں فیلڈ سروس شروع ہوگی۔

سی ایم سولرائزیشن آف ایگری کلچر ٹیوب ویل کے تحت 7988درخواستیں موصول ہوئی اورفیزیکل تصدیق میں 500درخواستیں جعلسازی ثابت ہونے پر مسترد کر دی گئی، 7670 ایگری ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا آغازہوچکا ،652ٹیوب ویلز کی سولرائزریشن مکمل کرلی گئی،وزیراعلیٰ نے اگلے 5سال تک 5لاکھ زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کا ہدف پورا کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیدیا،دریں اثناءوزیراعلیٰ مریم نواز نے مسلسل بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ کےلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں نکاسی کی کاوشیں تیز، ہر شہر کی مرکزی اور اندرونی روڈز کو کلیئر کرنے ، انتظامی افسروں کو نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی۔