اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کے فضلے کی محفوظ تلفی عوام کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ایک بڑا اور موثر قدم ہے۔ وہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی جانب سے طبی فضلہ ٹھکانے لگانے کیلئے ییلو ویسٹ وینز کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، اگر احتیاط نہ کی گئی تو بیماریاں ہمیں گھیر لیں گی۔انہوںنے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ کےلئے انڈس ہسپتال نے گلوبل فنڈ کے تعاون سے پاکستان کے 15 اضلاع میں طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کیلئے وینز فراہم کی ہیں جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی شامل ہے جہاں ایک وین ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے حوالے کی جائیگی۔وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتالوں کا فضلہ نہایت خطرناک ہوتا ہے اور اگر اس کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے نہ لگایا جائے تو یہ ہر طرف بیماری پھیلانے کا سبب بنتا ہے۔ ہمیں لوگوں کو بیماریوں سے بچانا ہے، یہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ماہرین صحت کے مطابق بیماری سے بچاو کی تدابیر علاج سے کہیں زیادہ موثر اور اہم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہیلتھ کیئر کی پہلی سیڑھی لوگوں کو بیماری سے محفوظ رکھنا ہے لیکن بدقسمتی سے اب تک بیماریوں سے بچاو کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 68 فیصد بیماریاں آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے پھیلتی ہیں، اگر عوام کو صاف پانی میسر ہو تو ان بیماریوں کی شرح میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے۔ وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ صاف پانی کی فراہمی، آبادی پر کنٹرول اور ہسپتالوں کے زہریلے فضلے کی محفوظ تلفی جیسے اقدامات بیماریوں کی روک تھام کیلئے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہسپتالوں کی تعمیر اور ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی روک تھام پر بھی بھرپور توجہ دینی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ آبادی میں اضافہ صحت کے مسائل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھ رہا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انڈس ہسپتال کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ترقی صرف نئے ہسپتال یا جدید آلات کی فراہمی سے ممکن نہیں، بلکہ ایسے موثر نظاموں کے قیام سے ہے جو ہماری کمیونٹیز کو بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں انفیکشن کنٹرول، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار صحت کی فراہمی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ہم وفاقی حکومت کے تعاون کے شکر گزار ہیں اور پرامید ہیں کہ یہ ماڈل ملک بھر میں اپنایا جائیگا۔
احتیاط علاج سے بہتر، لاپرواہی نہ چھوڑی تو بیماریاں گھیر لیں گی: مصطفی کمال


















