سانحہ لیاری کے بعد مخدوش عمارتیں گرانے کاعمل شروع،متاثرین بے آسرا

کراچی:(بیورورپورٹ)سانحہ لیاری کے بعد مخدوش عمارتوں کو گرانے پر کام شروع کردیا گیا،ایس بی سی اے حکام کے مطابق مخدوش عمارتوں کی مسماری کا عمل 3 سے 4روز میں مکمل ہوجائے گا،عمارتوں کو مزدوروں کے ذریعے توڑا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آشیانوں سے محروم ہونےوالے درجنوں خاندان سڑک کنارے بے آسرا پڑے ہیں، کسی نے رشتے داروں کے پاس آسرا ڈھونڈا کوئی گلی میں ہی سر پکڑ کر بیٹھا نظر آیا۔

،دریں اثنا سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش کی فراہمی ناممکن قرار دیدی،نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا صوبے میں 740 عمارتیں مخدوش ،51انتہائی خطرناک ہیں، انتہائی خطرناک عمارتوں میں سے 11 خالی کرالیں، حکومت کیلئے ممکن نہیں مخدوش عمارتوں کے تمام مکینوں کو رہائش فراہم کرے، حکومت دستیاب وسائل میں کچھ خاندانوں کو عارضی متبادل رہائش دے سکتی ہے،ماضی میں سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین اور کووڈ مریضوں کو عارضی شیلٹرز دئیے تھے۔

مزید برآںگورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لیاری حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 80، 80 گز کے پلاٹ اور روزگار کی فراہمی کرنے کا اعلان کر دیا،صحافیوں گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا سندھ حکومت نے 20 سال میں کسی رہائشی منصوبے میں ترقیاتی کام مکمل نہیں کیا، چہرے بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہو گا۔

دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت نے کہا 5 دن بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے پر گورنر کا شکریہ، کراچی کے لوگ مشکل میں تھے، آپ کو فوراً اسلام آباد سے کراچی آنا چاہیے تھا،سعدیہ جاوید نے کہا ایسا کوئی وعدہ مت کیجئے گا جو پورا نہ کرسکیں، سیاست نہیں دادرسی کی ضرورت ہے، اچھی بات ہے گورنرنے سندھ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔