اسلا م آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا بھارت آپریشن سندور میں فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بغیر کسی ہچکچاہٹ کے منہ توڑ، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائےگا،بھارت کو ایٹمی ریاست کےخلاف اشتعال انگیزی کے ممکنہ تباہ کن نتائج کا ادراک نہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کرنےوالے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی، مشکل حالات میں پیچیدہ چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کےلئے ذہنی تیاری، عملی فہم اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا آپریشن سندور میں بھارت فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا، پاکستان کی کامیابی میں بیرونی حمایت جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں، دو طرفہ فوجی تصادم میں دیگر ممالک کو شامل بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے، ایسے بیانات پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچاہٹ کی عکاسی کرتے ہیں،فیلڈ ما رشلنے ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے موثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والی مستقبل کی قیادت کی تیاری میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے اہم اداروں کے کردار کو سراہا اور سول اور ملٹری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا، جنرل عاصم منیر نے کہا بھارت کی جانب سے آپریشن سندور میں ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا دراصل بھارت کی آپریشنل تیاری اور سٹرٹیجک دور اندیشی کی کمی کو ثابت کرتا ہے،بھارت پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمت عملی، مقامی صلاحیت اور مضبوط اداروں کی بنیاد پر کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے، بھارت کی طرف سے اس طرح کے بے بنیاد بیانات کا مقصد خطے میں فرضی نیٹ سکیورٹی پر وائڈر کے خود ساختہ رول کی ناکام کوشش ہے، وہ بھی ایسے وقت میں جب خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور ہندوتوا نظریے سے تنگ ہیں،بھارت کے خودغرضانہ اور تنگ نظر برتاﺅ کے برعکس پاکستان نے اقوام عالم میں اصولی سفارتکاری پر مبنی دیرپا شراکت داری، باہمی احترام اور امن کی بنیاد پر تعلقات قائم کیے اور خود کو خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر ثابت کیا ،فیلڈ مارشل نے پاکستان کے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، کشیدگی کی اصل ذمہ داری بصیرت سے محروم مغرور جارح بھارت پر عائد ہوگی،جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ فینسی جنگی ساز و سامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں جیتی جاتیں، جنگیں یقین ِ محکم، پیشہ ورانہ قابلیت، آپریشنل شفافیت، اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم وحوصلے کے ذریعے جیتی جاتی ہیں،جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبے اورجنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور قوم کے لیے غیر متزلزل عزم پر ثابت قدم رہیں۔
بھارتی مہم جوئی کا سوچ سے بڑھ کر سخت جواب دینگے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر


















