ایل ڈبلیو ایم سی میں کرپشن ، وافر آپریشنل مشینری کے باوجود شہر میں گندگی کے ڈھیر

لاہور (خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں بدعنوان عناصر کی جڑیں اس قدر مضبوط ہو چکی ہیں کہ اربوں روپے کے سالانہ بجٹ اور 1700 سے زائد آپریشنل مشینری ہونے کے باوجود شہر میں صفائی کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ اندرونی احتساب کے فقدان اور مانیٹرنگ سسٹم کی کمزوری نے نہ صرف صفائی آپریشن کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ شہر کی سڑکیں، گلیاں اور بازار بدبو اور گندگی کا ڈھیر بنتے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے جب جنرل منیجر فلیٹ و آپریشن راشد ظہور سے موقف لیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے پٹرول چوری کے خلاف کئی اقدامات کیے ہیں اور اب صورتحال کافی بہتر ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق پٹرول چوری اب نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم اگر کسی کے پاس اس بارے مصدقہ شواہد موجود ہوں تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر الطاف انصاری سے اس حوالے سے موقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم انہوں نے بات کرنے کیلئے آمدگی ظاہر نہ کی۔ ذرائع کے مطابق کمپنی میں پرائمری ویسٹ کلیکشن کیلئے ہر ٹاو¿ن سے روزانہ کی بنیاد پر 200 کے قریب چھوٹی بڑی گاڑیاں روانہ کی جاتی ہیں، جن کی نگرانی اور کنٹرول موٹر وہیکل انسپکٹرز (ایم وی آئیز) کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ ان اہلکاروں پر الزام ہے کہ وہ اپنے "حصے" کا پٹرول گاڑیوں کی فیولنگ کے دوران ہی وصول کر لیتے ہیں اور باقی بچا پٹرول فیلڈ آپریشن کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اس عمل سے نہ صرف گاڑیاں مطلوبہ مقدار میں فیول حاصل کرنے سے قاصر رہتی ہیں بلکہ فیلڈ آپریشن بھی براہ راست متاثر ہوتا ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ داتا گنج بخش ٹاو¿ن میں تعینات موٹر وہیکل انسپکٹرز اور ان کے چند دیگر ساتھی پٹرول چوری کا ایک منظم نیٹ ورک چلا رہے ہیں، جو روزانہ لاکھوں روپے کے پٹرول کی مبینہ فروخت میں ملوث ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ چوبرجی میں واقع سرکاری پٹرول پمپ پر گاڑیوں میں پٹرول ڈلوانے کے دوران ہر ڈرائیور کا ایم وی آئی آئیز کے اہلکار کو کم و بیش دو ہزار روپے دینا لازم ہوتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کرپٹ نظام میں منیجر فلیٹ اور جنرل منیجر فلیٹ بھی برابر کے شریک ہیں، جو چوری کی رقم میں اپنا حصہ وصول کرتے ہیں۔ یہ نیٹ ورک اس قدر خفیہ اور مربوط طریقے سے چلایا جا رہا ہے کہ عام کارکن یا عوام کو اس کا علم تک نہیں ہو پاتا۔ داتا گنج بخش ٹاون میں ایم وی آئی کی پوسٹنگ کیلئے لڑائی جھگڑے اور کھینچا تانی معمول کی بات بن چکی ہے، جس سے اس "چمکدار عہدے" کی مالی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کمپنی کے اندرونی احتساب اور نگرانی کے تمام نظام ناکام ہو چکے ہیں۔ کمپنی میں نہ تو کوئی مو¿ثر آڈٹ سسٹم موجود ہے اور نہ ہی بدعنوان عناصر کے خلاف کوئی سخت کارروائی کی جا رہی ہے، جس سے ایسے اہلکاروں کو کھلی چھوٹ مل چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر صرف پٹرول چوری کے عمل پر قابو پا لیا جائے تو لاہور جیسے بڑے شہر کو نصف بجٹ میں بھی صاف رکھا جا سکتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں صفائی سے زیادہ بجٹ کا بڑا حصہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے، جبکہ عوام گندگی، تعفن اور بیماریوں کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔