سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کا محکمہ داخلہ کے سینٹرل کنٹرول روم کا دورہ، محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں مرکزی جلوسوں و مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں موجودہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ سائبر پٹرولنگ سیل 24/7 فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی میں ملوث افراد کیخلاف ایکشن لے رہا ہے، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے اکاو¿نٹ بلاک اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں،پنجاب میں 37087 مجالس اور 9825 جلوسوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ پنجاب بھر کی مجالس اور جلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بریفنگ کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مقامات کو جدید کیمروں سے سینٹرل کنٹرول روم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے، پنجاب میں 1421 مقررین و ذاکرین کی ضلع بندی اور 809 کی زباں بندی کے احکامات جاری ہوئے وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کا دورہ کیا، اللہ کے فضل اور بہترین انتظامات کے ساتھ پرامن عاشورہ گزار رہے ہیں جبکہ علاوہ ازیں پنجاب کابینہ کے وزراءتمام اضلاع میں جاکر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں سوشل میڈیا پر شرانگیزی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے، محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔