15 سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت کاپولیو کے خاتمے کیلئے بڑا اقدام،15 سال تک کے بچوں کو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا5سال سے زائد عمر کے بچوں میں کیسز آنے کے بعد پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ،ابتدائی طور پر کراچی، پشاور، لاہور اور جنوبی خیبر پختونخوا میں 15 سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائےگا۔

مصطفی کمال نے کہا پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نئی ڈیڈ لائن دسمبر 2026 ہے،نئی قومی ہیلتھ پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لا رہے ہیں، وزیراعظم جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے، ڈریپ کو ڈیجیٹلائزیشن کر رہے ہیں ،ایک ہفتے بعد وزیر اعظم منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

وزیر صحت نے کہاملک بھر میں 3ماہ بعد فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہوگا، بار کوڈ موبائل سے سکین کر کے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی معیاد سمیت اہم معلومات ہر شہری موبائل فون پر چیک کر سکے گا،تیاری مکمل ہے، انڈسٹری نے فروخت شدہ دواوں پر بار کوڈ لگانے کیلئے 3 ماہ کا وقت مانگا۔