پنجاب کے عوام کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا، سلمان رفیق
لاہور:(اپنے رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں،حکومت پنجاب نے حال ہی میں سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مد میں گزشتہ پانچ برسوں کے واجبات 22 ارب روپے ادا کئے ہیں اور پنجاب کی عوام کیلئے ہیلتھ انشورنس پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا۔
سعدرفیق نے کہا سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ بند ہونے سے عوام کو مفت علاج فراہم کرنے پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ صحت کارڈ کو نجی ہسپتالوں تک محدود کرنے کا فیصلہ عوام کی بہتری اور صحت کے نظام کی پائیداری کے پیش نظر کیا گیا ، سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کی رقم کی کمی محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ادا کرے گا،سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کوئی قلت نہیں۔
وزیر صحت نے کہا محکمہ کے پاس ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے 32 ارب کی خطیر رقم موجود ہیں جس کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی سپلائی کا عمل جاری ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہے اور وقت کے ساتھ ادویات کی فراہمی میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔


















