بھارت دہشتگردی کا بڑا سر پرست ، واضح پیغام ہے اجارہ داری قبول نہیں کرینگے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سر پرست، واضح پیغام ہے پاکستان نے پہلے ہندوستان کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرےگا، کشمیر لائن آف کنٹرول سے لےکر ساحل سمندر تک بھارتی بلا جواز جارحیت کےخلاف بہترین جواب دیا،حق پر تھے اللہ نے مدد فرمائی، پڑوسی اسلامی ملک سے اچھے تعلقات چاہتے،۔ افغانستان ہندوستان کی دہشتگرد پراکسیوں، فتنہ الہندوستان ، خوارج کو جگہ نہ دے۔

سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف نے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و کامیابی کےلئے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق نا گزیر ہے،ریاست کی تمام اکایﺅں کے درمیان ہم آہنگی کی اساس انتظامیہ و سول بیوروکریسی ہے،معرکہ حق میں ریاست کی تمام اکایﺅں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، افواج پاکستان دور حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں۔

فیلڈ مارشل نے کہاہندوستان کو واضح پیغام دیتے ہیں پاکستان نے پہلے اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرےگا، دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ اور اپنی اقلیتوں و بالخصوص مسلمانوں پر متعصبانہ ،ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے،بحیثیت قوم پاکستانی کبھی ہندوستان کے آگے جھکے نہ جھکیں گے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ انفرادی و علاقائی پہچان سے بڑھ کر پاکستانیت کی پہچان کو اپنائیں،ہر نظام میں مسائل ،کمزوریاں ہوتی ہیں، آپ کا کام ہے کمزوریوں ،منفی قوتوں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دیں،اپنی تاریخ بھول جانے والی اقوام کامستقبل بھی تاریک ہو جا تا ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا پاکستان کی کہانی و تاریخ کو جانئے اور اگلی نسلوں تک پہنچائیں، ملک سے محبت ،وفاداری اولین و بنیادی شرط ہے،اپنے اندر جرات، قابلیت ،کردار پیدا کریں اور اگر ایک جزو کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیجئے گا۔