ٹیکس دہندگان کےخلاف ایف آئی آرز ،گرفتاریاں غیر قانونی ہیں،عدالت عظمیٰ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ٹیکس دہندگان کےخلاف ایف آئی آرز کے اندراج اور گرفتاریوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ٹیکس واجب الادا ہونے کا تعین اور اپیل کا حق دینا آئینی تقاضا ہے۔

جسٹس شاہد وحید، عرفان سعادت خان اور عقیل عباسی پر مشتمل بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ایف بی آر کو ایس آراو کے تحت فوجداری کارروائی کا اختیار دینا آئین و قانون کے منافی ہے، بغیر سنے ٹیکس دہندگان کو گرفتار کرنا آرٹیکل 4 اور 10-A کی صریح خلاف ورزی ہے،ٹیکس تنازعات کے ابتدائی مرحلے میں فوجداری کارروائی انصاف کے تقاضوں کےخلاف اور ایف بی آر کی جانب سے براہ راست مقدمات درج کرنا اختیارات سے تجاوز ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا قانون کے مطابق پہلے ٹیکس کی واجب الادا رقم کا تعین اور بعد ازاں قانونی طریقہ اختیار کرنا ناگزیر ہے جب تک قانونی طریقہ کار کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی کا تعین نہ ہو کسی بھی شہری کو صفائی کا حق دئیے بغیر مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔