لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) بورڈ آف ریونیو پنجاب اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران کی مبینہ غفلت، ناقص کارکردگی،پنجاب حکومت پالیسیوں کے برعکس مختلف اہلکاروں کی تنخواہ اور الاﺅنسز کی مد میں بدعنوانیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023-24ءکے دوران انتظامیہ کی جانب سے قواعد و ضوابط کے خلاف ادائیگیوں پر حکومتی خزانے کو 47 کروڑ روپے سے زائد کا ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں خلاف قانون ہیڈ کوارٹر اور دیگر الاﺅنسز کی بابت 40 کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں کی گئی ہیں جبکہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کے ماتحت پراجیکٹ اسٹاف کو 2021 سے مسلسل 7 کروڑ 15 لاکھ روپے کی ناجائز تنخواہیں ادا کی گئیں، تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے افسران کی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث مالی سال 2023-24ءکے دوران تنخواہوں اور الاﺅنسز کی مد میں افسران کو قواعد و ضوابط کے خلاف ادائیگیاں کر کے حکومتی خزانے کو 47 کروڑ 75 لاکھ 28 ہزار 4 سو 30 روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ محکمہ خزانے کے 2016 میں جاری کردہ مراسلہ میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ محکمہ خزانہ سے پیشگی مشاورت کے بغیر کسی افسر کو تین ماہ کے دوسرے سپیل کیلئے اضافی چارجز تفویض نہ کئے جائیں۔ PFR کے والیوم 1 کے قواعد کے مطابق تنخواہ، الاﺅنسز، دستے، اور دیگر اخراجات کیلئے بلوں کے زیادہ چارجز، دھوکہ دہی اور غلط استعمال کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پے رول پر کمزور انتظام اور اندرونی کنٹرول کے نتیجے میں تنخواہوں اور الاﺅنسز کی بے قاعدہ ادائیگیاں کی گئی ہیں جس کی اطلاع انتظامی محکمہ کر دی گئی ہے۔ معاملہ انتظامی محکمے کو بھیجنے کے بعد دسمبر 2024 اور جنوری 2025 کی ڈی اے سی میٹنگز میں متعدد اعتراضات مزید وضاحت کیلئے زیر التواءرکھے گئے تھے تاہم متعلقہ محکموں کی جانب سے حتمی رپورٹ پیش نہیں کی گئی، رپورٹ میں فوری ریکوری، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور مستقبل میں ایسی بے ضابطگیوں کی روک تھام کیلئے سخت نگرانی کا مطالبہ کیا گیا ہے، قبل ازیں بھی مالی سال 2022-23ءاور 2023-24ءکی آڈٹ رپورٹس میں اسی نوعیت کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن کا مالی اثر 9 کروڑ روپے سے زائد تھا، جو کہ حکومتی مالی امور میں سنگین بدانتظامی کی علامت ہے۔تنخواہ، الاﺅنسز، دستے، اور دیگر اخراجات کیلئے بلوں کا زیادہ چارجز، دھوکہ دہی اور غلط استعمال کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا جائیگا۔ اس قسم کی بے قاعدگی کا دوبارہ ہونا سنگین تشویش کا باعث سمجھا جا رہا ہے۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ادائیگیاں بورڈ آف ریونیو کی ہدایات کے مطابق ہوئی ہیں یہ قانون کی تشریح کا مسئلہ ہے۔ پہلے بھی اس طرح کی رپورٹ آئی تھیںہم نے تمام معاملات کو قانونی نقطہ نظر سے حل کر لیا تھا۔ اس معاملے کو بھی آئندہ ہونے والے اجلاسوں میں سیٹلمنٹ کے ذریعے ختم کروا لیا جائے۔ بورڈآف ریونیو مجاز اتھارٹی ہے اس بورڈ کی جانب سے رائج پالیسی کے مطابق ادائیگیاں کی گئی تھیں۔
آڈٹ رپورٹ میں اہلکاروں کی تنخواہ، الاﺅنسز کی مد میں بدعنوانیوں کا انکشاف
















