وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی، قطری سفرا سے ملاقاتیں، اظہار یکجہتی

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی قطر اور سعودی عرب کے سفرا سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں وزیراعظم نے قطر اور سعودی عرب سے غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے سفیر سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، اور سعودی عرب کے ولی عہد اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناوں اور دعاوں کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ ملکر مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کے قیام کیلئے کام کرتا رہیگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر سے ملاقات کی اور امیر قطر سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اس دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب کے حملوں کے بعد امیر قطر اور برادر عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اپنے قطری بھائیوں، بہنوں اور پورے خطے کے امن و سلامتی کیلئے دعاگو ہیں۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کو واحد راستہ سمجھتے ہیں۔