جماعت اسلامی کا ملک گیر ”امریکہ مردہ آبا د“ احتجاج،مظاہرے،ریلیاں
اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے نمائندے سے) جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایران پرامریکی جارحیت کےخلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے، ”امریکہ مردہ آباد“ احتجاجی مظاہرے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کیے گئے، اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہونےوالے احتجاج میں عوام، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شریک تھی، جماعت اسلامی کی مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی قیادت نے مظاہرین سے خطابات کیے اور ایران کےخلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کی، مقررین نے حکومت ،دیگر اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا وہ ایران کا ساتھ دیں، غزہ میں صہیونی دہشت گردی رکوانے کےلئے عملی اقدامات اٹھائیں اور امت کے جذبات کی ترجمانی کریں، انہوں نے حکومت کی جانب سے ٹرمپ کی نوبل انعام برائے امن کےلئے نامزدگی کی بھی مذمت کی، مقررین نے کہا امریکہ نے ایران پر چودہ ہزار پونڈ بارود برسا کر دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی، یہ عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے، کسی کو حق نہیں پہنچتا دوسرے ملک میں جا کر بم برسائے، ٹرمپ انسانیت کا قاتل ہے، سیاسی، سفارتی حمایت کی بجائے اب امت مسلمہ کے حکمران اپنا عملی فرض ادا کریں،پاکستانی قوم ایران کےساتھ ہے، امریکہ اور اسرائیل کو شکست ہو گی۔


















