پاکستان کی ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکہ کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حملے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، خطے میں کشیدگی اور تشدد میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مزید کشیدگی کے سنگین علاقائی اور عالمی اثرات ہو سکتے ہیں شہری جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ تمام فریقین بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری کریں، بحران کا واحد حل اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہے۔

علاوہ ازیں استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے، یو این چارٹر کے تحت ایران کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کے معاملے پر دہرا معیار اپنایا جاتا ہے، خطے کے امن کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دے سکتے۔ انکا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہی ایران اور اسرائیل جنگ کا حل ممکن ہے، پاکستان علاقائی امن واستحکام کیلئے تمام اقدامات کر رہا ہے، قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔