لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےامریکہ سے کسی خیر کی توقع کرنا خود فریبی ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اسلام آباد میں فوری اجلاس بلایا جائے، امریکہ عالم اسلام کا دشمن ہے، غزہ، ایران میں صہیونی جارحیت واشنگٹن کی سرپرستی میں ہورہی ہے۔
منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کےخلاف اسلامی دنیا اور انسانیت دوست ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، عراق اور افغانستان میں مسلمانوں کے قتل عام اور تباہی پھیلانے کے بعد امریکہ وہی کھیل ایران میں کھیلنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی امریکی پشت پناہی حاصل ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا واشنگٹن کی مدد کے بغیر اسرائیل کی کوئی حیثیت نہیں، پوری عالمی برادری کے حق میں ہونے کے باوجود امریکہ نے غزہ میں جنگ بندی کی سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کردی، سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق دنیا کو جنگ کی آگ میں دھکیل رہا ہے، پاکستان کے عوام ایران کے ساتھ ہیں، اسلامی ممالک کی حکومتیں امریکا سے خوف زدہ نہ ہوں، ڈٹ جائیں اور امت کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کریں۔
امریکہ سے کسی خیر کی توقع کرنا خود فریبی ہے،حافظ نعیم الرحمن
















