لاہور: (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے بھارتی میڈیا جو بیانیہ اختیار کرتا ہے، وہی ہمارے ہاں مخصوص پروپیگنڈہ سیل آگے پھیلاتے ہیںجو قومی مفاد کےخلاف انتہائی خطرناک رجحان ہے۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا بغیر تصدیق کے کسی بھی خبر کو سوشل میڈیا پر پھیلانا پروپیگنڈہ کے زمرے میں آتا ہے اور یہ رویہ نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ قومی سلامتی کےلئے بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے، بعض عناصر سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلانے کے بعد نہ تو معذرت کرتے ہیں اور نہ ہی اپنی پوسٹس کو مناسب وضاحت کے ساتھ ہٹاتے ہیں، تب تک وہ خبر سادہ لوح عوام تک پہنچ چکی ہوتی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے زور دیا ایسے عناصر کے خلاف قانونی اور عملی سطح پر سخت کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی شخص پاکستان کے نیشنل انٹرسٹ کےخلاف ایسی مہم کا حصہ نہ بن سکے،سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت معلومات کی اشاعت سے ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پروپیگنڈہ ٹرولز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ قومی سلامتی کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو۔
پروپیگنڈہ پھیلانے والے عناصر کےخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے: عظمیٰ بخاری
















