لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے پنجاب کا بجٹ2025-26 میں ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ پروگرام پیش کرنے پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں،عزم ہے شہر اور دیہات میں ترقی و سہولیات کا فرق ختم کریں گے،ترقی کے ثمرات اب گاوں گاوں پہنچیں گے، 1800دیہات کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔
مریم نواز نے کہا لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی لارہے ہیں ، ترقی اب امیر اور غریب کا فرق نہیں دیکھے گی، سب کےلئے ترقی برابر ہوگی،عام آدمی کی خدمت کے جذبے سے آئے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں کامیاب کرے،صدق دل سے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے مشن پورا کرنے کےلئے کوشاں ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کاشتکاروں بھائیوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کےلئے129 ارب سے زائد فنڈز دے رہے ہیں،گرین ٹریکٹر سکیم سے ہزاروں نہیں لاکھوں کاشتکاروں مستفید ہوں،بجٹ2025-26 میں مزید گرین ٹریکٹر ز کےلئے ساڑھے 15 ارب روپے رکھے ہیں، 12ہزار کلو میٹر سے زائد روڈز کی تعمیر و توسیع ایک ریکارڈ ہوگا،نواز شریف کینسر ہسپتال اور سرگودھا کانواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی رواںسال مکمل ہو جائےگا، نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ پاکستان کاپہلا سنٹر ہوگا جہاں تمام مہلک امراض کا علاج اور ریسرچ بھی ہوگی۔
مریم نواز نے کہا طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیں گے اور لیپ ٹاپ بھی ملیں گے،پنجاب کے کسی سکول میں بچے زمین نہیں بیٹھیں گے جس کےلئے40 ارب دے رہے ہیں، لیہ اور بھکر جیسے دور دراز اضلاع کو موٹروے تک رسائی دیں گے، مظفرگڑھ اور میانوالی کو بھی بہتر ین مواصلاتی لنک دیں گے،مزدور کے بچوں کو بھوکا نہیں سونے دینگے، راشن کارڈ کےلئے 40 ارب دیں گے۔
ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے صحرائی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا موسمیاتی تبدیلی، درختوں کی بے ہنگم کٹائی اور آبی قلت زرعی وسائل کی زرخیزی تیزی سے متاثر کررہی ہے، حکومت پنجاب ماحول سے متعلق ہر چیلنج کا بھرپور ادارک رکھتی ہے، زمین وراثت نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کی امانت، حفاظت فرض اولین ہے، خشک سالی صرف ریت کی بڑھتی ہوئی تہوں کا نام نہیں بلکہ بحران کی پیشگی علامت ہے۔
تاریخ ساز عوامی فلاحی بجٹ ، ترقی اب امیر اور غریب کا فرق نہیں دیکھے گی:مریم نواز
















