بجٹ عوام کش، پیپلز پارٹی حکومت کیساتھ بیٹھ کر سسٹم کی اصلاح چاہتی ہے:حسن مرتضیٰ

لاہور (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے،یہ بجٹ عوام دوست نہیں،عوام کش ہے۔پنجاب کے بجٹ پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،ہماری سفارشات لی گئیں نہ تجاویز شامل کی گئیں، وفاقی بجٹ اور پنجاب کے متوقع بجٹ سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا، خطے کا امن نیتن، مودی مائنڈ سیٹ کی وجہ سے خطرے میں ہے،ظلم برداشت کرنا بھی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے،اب وقت اسرائیل کی مذمت کا نہیں امریکہ اور طاقتور قوتوں سے سوال کرنیکا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے ماڈل ٹاو¿ن سیکرٹیریٹ میں میاں ایوب،علامہ یوسف اعوان،راو بابر جمیل اوراحسن رضوی کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈاکٹر خیام حفیظ ،راو خالد ایڈوکیٹ،چودھری سجاد نذیر اور الیاس جاوید ججی بھی موجود تھے۔حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے امن کی اپیل کرتی ہے کیونکہ انکے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔خطے کے امن کو تباہ کرنے کیلئے پوری امت مسلمہ کو جہاد کی آیات پڑھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے،یہی صورتحال کچھ عرصہ قبل مودی نے پاکستان کیلئے پیدا کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دہشت گردی سے کوئی لینا دینا نہیں چاہے جہاں سے بھی تحقیقات کرائیں۔چیئرمین دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑنے نیو یارک،واشنگٹن،کندن اور برسلز گئے۔حسن مرتضی نے کہا کہ اکھنڈ بھارت نیپال،سری لنکا اور بنگلہ دیش کیلئے بھی خطرہ ہے مگر افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ پروفیشنل فوج ہے۔انہوں نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بہادر کو یہ سب نظر نہیں آتا۔اس نے افغانستان،عراق شام ہر حملے کیے،اقوام متحدہ کیا صرف طاقتور ممالک کا نمائندہ ہے؟اسے غزہ اور ایران میں ہونے والی ہلاکتیں دکھائی نہیں دیتیں،اقوام متحدہ بتائے کہ اس کی قرار دادوں پر عمل کیوں نہیں ہورہا۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ دفاعی محاذ پر ہم مضبوط ہوئے ہیں تو معاشی محاذ بھی مضبوط کرنا ہو گا،یہ کمزور ہونگے تو جمہور اور عوام کمزور ہونگے۔انہوں نے وفاقی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ ختم اور امپورٹس بڑھتی جا رہی ہیں،صرف زراعت بچی تھی،حکومت نے اس پر بھی بھاری ٹیکس لگا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔جولائی 2025 سے لگنے والے 45فیصد ٹیکس کے بعد زراعت نہیں بچے گی،پیٹرول،کھاد،بیج حکومت سال میں چار مرتبہ مہنگے اور گندم سستی کر دیتی ہے،پنجاب میں سارا شوگر ملز مافیا حکومت کا ہے۔آپ گنا ادھار اور چینی نقد فروخت کرتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک اور زراعت کہاں ہیں، انکے بابو کیا کررہے ہیں،آج ہم فوڈ سیکورٹی کو رو رہے ہیں اور دانے دانے کو ترس رھے ہیں،انہوں نے بتایا کہ مائنرز کو ایسا ڈیزائیں کیا کہ پانی دیکھ سکتے ہیں،استعمال نہیں کر سکتے,آج ہیڈ،مڈل اور ٹیل میں پانی نہیں اور حکومت کسان کو نچوڑ رہی ہے۔ حسن مرتضیٰ نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 32کروڑ کا عرق گلاب لاہور کی سڑکوں پر سپرے کیا گیا ہے جبکہ ہمارے بچوں کی آنکھوں کیلئے عرق گلاب دستیاب نہیں، عوام کا پیسہ ذاتی اشتہار بازی ہر خرچ کیا جا رھا ہے۔مریم نواز کر تشہیر کا اتنا شوق ہے کہ کوڑا دان پر بھی اپنی تصویر لگائی ہوئی ہے اور تعصب اس حد تک ہے کہ اپنے چچا وزیر اعظم کا فوٹو ساتھ نہیں لگاتے۔پنجاب حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی صفر ہے،پیسہ ہمارا ،لگا آپ رہغے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوڑا دانوں پر اپنی تصویریں لگا رہے ہو تو تسلیم کرو کہ مہنگائی بھی تم نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کیلئے پنجاب کا تشہیری بجٹ بڑھایا جا رہا ہے۔سولر پر 18فیصد ٹیکس لگا دیا کل یہ آکسیجن پر بھی لگائیں گے،یہ قدرت کی نعمتوں پر بھی ٹیکس لگا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کو ذلیل کر کے انکے لائسنس منسوخ کر دئیے ہیں،تمام محکموں کے لوگ دفتر میں نہیں چیئرنگ کراس پر بیٹھے نظر آتے ہیں،وفاقی حکومت نے عام تنخواہ دار کی تنخواہ دس فیصد بڑھائی حالانکہ یہ 50فیصد بڑھنی چاہیے، انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین سینٹ اپنی تنخواہ میں اضافے سے لا تعلقی کر چکے ہیں۔حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ محروم طبقات کیساتھ انکے حقوق کی جدوجہد کی ہے،پیپلز پارٹی کی پالیسی یہ نہیں جو حکومت کر رہی ہے بلکہ پیپلز پارٹی حکومت کیساتھ بیٹھ کر سسٹم کی اصلاح چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم کونسی مراعات لے رہے ہیں کہ وکٹ کی دونوں طرف کھیلیں،پاکستان کو اپنے ہمسائیہ ملک ایران کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے،نئے اشتہاری بل کی بھر پور مخالفت کرینگے۔